Saturday, November 18, 2023

سموگ کے باعث پنجاب کے 10 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن

 

آلودگی کی وجہ سے لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا


لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 نومبر 2023ء ) پنجاب میں بڑھتی ہوئی سموگ کے باعث صوبے کے 10 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا، آلودگی کی وجہ سے لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں آج سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، اس حوالے سے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے جن 10 اضلاع میں آج بروز ہفتہ لاک ڈاؤن ہو گا ان میں لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن والے 10 اضلاع میں ہفتے کے روز نقل و حرکت محدود ہوگی، تمام سرکاری اور نجی سکول، کالجز اور یونیورسٹیز بند رہیں گے اور آن لائن کلاسز کی اجازت ہوگی جب کہ بازار، دکانیں، جم، سینما گھر اور دفاتر 3 بجے کے بعد کھولے جا سکیں گے

علاوہ ازیں لاہور کو ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا کیوں کہ چند دن قبل ہونے والی بارش کے بعد سے لاہور کی فضائی آلودگی میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جہاں صبح 7 بجے پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 374

 ریکارڈ کی گئی۔


معلوم ہوا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے لیے موثر اقدامات نہ کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی جہاں عدالت نے تجویز دی ہے کہ سموگ کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے 3 ماہ تک تعلیمی اداروں میں ہفتے اور اتوار کو چھٹی دی جائے، دفتری امور بھی ہفتے میں دو دن گھر سے نمٹانے کی تجویز دی گئی۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ چین نے سموگ کے تدراک کے لیے معاونت لینے کی ہدایت کی تھی، چیف سیکرٹری نے اس پر کچھ نہیں کیا، سموگ کے تدارک کے لیے انڈسٹری کو شجرکاری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جو فیکٹریز سیل ہونے کے بعد بھی چل رہی ہیں ان پر بھی رپورٹ دی جائے۔

0 Comments:

Post a Comment

Subscribe to Post Comments [Atom]

<< Home