سموگ لاک ڈاون قبل از وقت ختم کرنے کا اعلان لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں میں سموگ کے باعث لگائی گئی پابندیاں کل اٹھا لی جائیں گی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 نومبر2023ء) سموگ لاک ڈاون قبل از وقت ختم کرنے کا اعلان، لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں میں سموگ کے باعث لگائی گئی پابندیاں کل اٹھا لی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں جمعہ کو ہونے والی بارش نے سموگ میں واضح کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نگران صوبائی حکومت کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔
نگران وزیر اعلٰی پنجاب کے مطابق وزارت ماحولیات کے حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں میں سموگ کے باعث لگائی گئی پابندیاں کل اٹھا لی جائیں گی۔ 11 نومبر سے مارکیٹیں کھلی رہیں گی اور ریسٹورنٹ بھی6 بجے سے کھل جائیں گے ۔ سموگ کی وجہ سے عائد کردہ پابندیاں ہفتے کی صبح سے ختم کردی جائیں گی
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے 7 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ سموگ کی صورتحال خطرناک شکل اختیار کر جانے پر رواں ہفتے جمعرات سے اتوار تک صوبے کے 7 شہروں میں کاروبار، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
اس حوالے سے صوبائی محکمہ صحت نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا، جس کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، ناروال اور حافظ آباد میں 10 نومبر بروز جمعہ کو بھی عام تعطیل ہو گی، جبکہ شہروں میں 9 نومبر بروز جمعرات سے 12 نومبر بروز اتوار تک لاک ڈاون نافذ ہو گا۔ لاک ڈاون کے دوران کاروبار بشمول ریسٹورنٹس، سینما، مارکیٹیں، دفاتر اور تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔لاک ڈاون کے دوران بیکریاں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی جبکہ ریسٹورنٹس کے ٹیک اویز اور ہوم ڈلیوری کی بھی اجازت دی گئی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے خاصی سختی بھی کی جا رہی تھی، تاہم جمعہ کو ہونے والی بارش کے باعث سموگ سے متاثرہ اضلاع میں ائیر کوالٹی انڈیکس 150 سے بھی نیچے آ گیا۔
posted by Urdu News @ November 10, 2023
0 Comments


0 Comments:
Post a Comment
Subscribe to Post Comments [Atom]
<< Home