ایک ہی دن میں ملک میں دوسری مرتبہ زلزلہ
گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا، صبح کے وقت سوات ریجن میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے-
گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 نومبر 2023ء ) ایک ہی دن میں ملک میں دوسری مرتبہ زلزلہ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شام کو گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ تاہم تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اس سے قبل آج ہی کے دن صبح کے وقت سوات ریجن میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے سوات اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی زیر زمین گہرائی 207 کلو میٹر تھی اور اس زلزلے کا مرکز پاک افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا، مینگورہ اور گردو نواح میں زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے دوران ملک میں 4 مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا چکے۔ 13 نومبر کو سوات ریجن میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، پھر دو دن پہلے بھی ملک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کے جھٹکے 16 نومبر کی صبح 9 بج کر 4 منٹ پر محسوس کیے گئے، زلزلے کی گہرائی 35 کلو میٹر جب کہ مرکز کشمیر بھارت کا سرحدی علاقہ ہے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4 ریکارڈ کی گئی۔
جبکہ آج ہفتے کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں 2 مرتبہ زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل ہالینڈ کے ارضیاتی تحقیق کے ادارے سولر سسٹم جیومیٹری سروس (ایس ایس جی ایس) نے پاکستانی صوبے بلوچستان میں چمن فالٹ لائن پر ایک طاقت ورز زلزلے کی پیش گوئی کی تھی۔


0 Comments:
Post a Comment
Subscribe to Post Comments [Atom]
<< Home