روضہ رسول ﷺ پر حاضری سے متعلق ضابطہ اخلاق کا اعلان
زائرین کو مختص وقت کی پابندی، آواز دھیمی رکھنے اور تصاویر لینے میں مصروف نہ رہنے کی تاکید کردی گئی-
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اکتوبر 2023ء ) سعودی عرب نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر زائرین کی حاضری سے متعلق ضابطہ اخلاق کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں سعودی حکام نے روضہ مبارک جانے کے خواہشمند مسلمانوں کو مطلع کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں، جن کے تحت زائرین کو مقدس مقام پر پہنچنے سے پہلے پیشگی ریزرویشن حاصل کرنا ہوگی اور مقررہ وقت پر حاضر ہونا ہوگا، روضہ شریف میں داخل ہونے پر آنے والے زائرین کو اپنی آواز بلند نہیں کرنی چاہیئے، اپنے ہمراہ کھانا نہ لائیں، تصاویر لینے یا فلم بندی میں مصروف ہونے سے گریز کریں اور مختص وقت سے زیادہ دیر روضہ مبارک میں نہ رکیں۔بتایا گیا ہے کہ حرمین شریفین کے انتظامی امور کے نگران ادارے صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کی جانب سے مسجد نبوی ﷺ اور مسجد الحرام میں نمازیوں اور زائرین کو فول پروف خدمات اور سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، صدارت عامہ کی طرف سے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مسجد نبوی ﷺ میں 56 لاکھ سے زائد زائرین اور نمازیوں کو خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، ان سہولیات میں روضہ رسول ﷺ پر زئراین کی حاضری کو منظم کرنے کی سہولت بھی شامل ہے، جن کی بدولت ایک ہفتے کے دوران 47 لاکھ 3 ہزار 821 زائرین نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صاحبین کے مزارات پر حاضری اور دردو و سلام پیش کرنے کی سہولت پیش کی گئی۔


0 Comments:
Post a Comment
Subscribe to Post Comments [Atom]
<< Home