Friday, December 22, 2023

لعل شہباز قلندر درگاہ سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے سونےکی چوری کا انکشاف

 


کراچی: حضرت لعل شہباز قلندر درگاہ سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے سونےکی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق درگاہ لعل شہباز قلندر سے ایک ماہ میں ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار 863 روپے کا نذرانے میں دیا گیا سونا چوری ہوا جس کے بعد نگران وزیر اوقاف عمر سومرو نے درگاہ کے منیجر کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

ترجمان وزیر اوقاف وقانون نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی کے سامنے درگاہ کے منیجر زبیر بلوچ نے اپنی چوری کا جرم قبول کیا  ہے۔

گران وزیر اوقاف نے کہا کہ منیجر زبیر بلوچ کو معطل کرکے مقدمہ درج کرنے کے ساتھ کیس اینٹی کرپشن کوبھیجنے کا حکم دیا ہے، منیجر کی تنخواہ اور پینشن بھی روکنے کے احکامات دے دیے ہیں جب کہ اینٹی کرپشن کو لکھ دیا ہے کہ زبیربلوچ سے گولڈ چوری کرنےکی فوری ریکوری کی جائے۔

نگران وزیر کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ تما درگاہوں کے منیجرز کے خلاف بھی تحقیقات ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری منور مہیسر نے زبیر بلوچ کوحضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر منیجر تعینات کیا تھا اور زبیر بلوچ ریٹائرڈ ہونے کے قریب ہیں جب کہ کئی سال سے نذرانہ باکس کی چابی اس کےپاس ہوتی ہے


Friday, December 15, 2023

سرکاری ملازمین کیلئے بری خبر؛ حکومت کا اہم اعلان

 

حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے اہم اعلان کر دیا ہے۔

  دستاویزات کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب نے وفاق کے احکامات پر بیرون ملک جانے والے افسران کو ڈیلی اور دیگر الاؤنسز کی فراہمی کے لئے لائحہ عمل کو تبدیل کرتے ہوئے ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وہ سول افسران جو بطور اسٹیٹ گیسٹ کسی بھی ملک جائیں گے ان کو پورے ڈیلی الاؤنس کے بجائے صرف 30 فیصد دیا جائیگا۔ وہ سول افسران جو فلی فنڈڈ سیمینارز، ورکشاپس اور ٹریننگ کورسز پرجائیں گے وہ کسی بھی الاؤنس کے اہل نہیں ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق افسران جنہیں ریٹرن ٹکٹ اور رہائش ڈونرایجنسیز کی جانب سے دی جائیں گی ان کو بھی کوئی الاؤنس نہیں دیا جائیگا۔

 جبکہ وہ افسران جنہیں پاکستان حکومت کی جانب سے بیرون ملک ٹریننگ یا کورسز کے لیے بھیجا جائیگا انہیں صرف پہلے ہفتے ڈیلی الاؤنس پورا ملے گا بقایا ٹور پرفکس رقم کی ادائیگی کی جائیگی


Tuesday, December 12, 2023

سپریم کورٹ : ذوالفقار بھٹو صدارتی ریفرنس کی براہ راست سماعت‘عدالتی حکم میں توبہ کا تذکرہ کیوں کیا گیا؟چیف جسٹس

 

ریفرنس پرگیارہ سالوں میں پانچ سماعتیں‘پہلی سماعت 2 جنوری 2012 کو جبکہ آخری سماعت 12 نومبر 2012 کو ہوئی تھی-


اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 دسمبر۔2023 ) ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ میں 11 سال بعد سماعت جاری ہے جسے براہ راست نشر کیا جا رہا ہے سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا ہے کیا کوئی بتائے گا کہ عدالتی حکم میں توبہ کا تذکرہ کیوں کیا گیا. چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بینچ سابق وزیراعظم سے متعلق ریفرنس کی سماعت کر رہا ہے لارجر بینچ میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحیٰی آفریدی، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں.

سماعت کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کمرہ عدالت میں موجود ہیں چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے سماعت کی براہ راست کارروائی کی درخواست منظور کی، اٹارنی جنرل نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو پھانسی کیس آخری بار 2012 میں سنا گیا. گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کی براہ راست نشریات کیلئے درخواست دائر کی تھی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ ہونے کے ناطے انصاف کیلئے درخواست کی، ذوالفقار بھٹو نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے کردار ادا کیا، ان کا قتل نظام انصاف پر دھبہ ہے یاد رہے کہ 2011 میں اس وقت کے صدر آصف زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق ریفرنس دائر کیا تھا اور اس وقت کے چیف جسٹس افتخار چوہدری نے دسمبر 2012 تک کیس کی 6 سماعتیں بھی کی تھیں لیکن ریفرنس سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا.

بلاول بھٹو نے فریق بننے کے لیے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے درخواست دی تھی قبل ازیں عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ صدارتی ریفرنس کی سماعت سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اور یو ٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گی. جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ براہ راست عدالتی کارروائی اس یوٹیوب چینل اور ویب سائٹ پر نشر کی جائے گی واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس پر سماعت براہ راست نشر کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی بلاول بھٹو کی جانب سے درخواست وکیل فاروق ایچ نائیک نے دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ صدارتی ریفرنس میرے والد آصف علی زرداری کی جانب سے دائر کیا گیا.

بلاول بھٹو کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو ایک قتل کی سازش کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی، ذوالفقار بھٹو کو پھانسی دے دی گئی جو کہ ملکی تاریخ میں نظام، انصاف کا بدترین زوال تھا درخواست میں کہا گیا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دے دی گئی لیکن ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہے، انہوں نے تمام عمر قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کی، ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینا پورے عدالتی نظام پر دھبہ ہے واضح رہے کہ ذوالفقار علی بھٹو قتل کیس پر صدارتی ریفرنس گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ میں 11 سال بعد رواں ماہ سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا تھا سابق صدر آصف علی زرداری نے اپریل 2011 میں صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا تھا ذوالفقار بھٹو سے متعلق صدارتی ریفرنس پر اب تک سپریم کورٹ میں 6 سماعتیں ہو چکی ہیں.

صدارتی ریفرنس پر پہلی سماعت 2 جنوری 2012 کو جبکہ آخری سماعت 12 نومبر 2012 کو ہوئی تھی صدارتی ریفرنس پر پہلی 5 سماعتیں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 11 رکنی لارجر بینچ نے کیں جبکہ آخری سماعت 9 رکنی لارجر بینچ نے کی تھی.

Thursday, December 7, 2023

حکومت کا پہلی بار سٹاک ایکسچینج میں بانڈز کی نیلامی کا فیصلہ

 

صارفین کو بانڈز پر 20 سے 22 فیصد تک منافع ملنے کا امکان‘ بروکرز بھی بانڈز میں خرید و فروخت کرسکیں گے


کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 دسمبر 2023ء ) حکومت نے پہلی بار سٹاک ایکسچینج میں بانڈز کی نیلامی کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس حکومت پاکستان پہلی بار سٹاک ایکسچینج میں بانڈز کی نیلامی کرے گی، حکومت بانڈ پر 20 سے 22 فیصد تک منافع دے سکتی ہے، بروکرز بھی بانڈ میں خرید و فروخت کرسکیں گے، وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اسٹاک ایکسچینج میں بانڈ کی نیلامی کا افتتاح کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستانی بینکوں کے بعد تاریخ میں پہلی بار سٹاک مارکیٹ میں بھی بانڈز کی ٹریڈنگ ہوگی، حکومت بانڈز کی نیلامی سے 30 ارب روپے اکھٹے کرے گی، جس کے لیے سٹاک ایکسچینج میں دسمبر سے فروری تک اجارہ سکوک بانڈ جاری ہوں گے، اجارہ سکوک بانڈ کا اجراءایک سال کی مدت کیلئے کیا جائے گا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج سے جاری اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے سکوک بانڈ کی پہلی نیلامی رواں ماہ 8 دسمبر 2023ء کو کی جائے گی، اس کے بعد دوسری نیلامی آئندہ برس کے اوائل میں 23 جنوری 2024ء کو ہوگی جب کہ تیسری نیلامی کے لیے 20 فروری 2024ء کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش ہے، اصلاحات اور آئی ایم ایف کے اطمینان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، اس وقت ہماری سٹاک مارکیٹ خطے کی تمام مارکیٹوں سے زیادہ منافع بخش ہے۔ پی وی ایم اے کے چئیرمین اور اسلام آباد چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کے پیکج اور مثبت جائزہ رپورٹ، مالی نظم و ضبط اور بہترمنافع نے سرمایہ کاروںکے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، تاہم معیشت اب بھی مشکل میں ہے اور جی ڈی پی 2.5 فیصد تک رہنے کاامکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں بیس سے پچیس ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کے فیصلے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، دوست ملک درجنوں شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کرے گا جس سے پیداوار اور روزگار بڑھے گا، دوست ممالک پاکستان کی معیشت میں بہتری کے آثار کے بعدسرمایہ کاری کا فیصلہ کر رہے ہیں۔

Wednesday, December 6, 2023

بہاولپور، چڑیا گھر میں ٹائیگروں نے شہری کو چیر پھاڑ دیا- ٹائیگرز لاش کو پنجرے کے اندر لے گئے،لاش کا کچھ حصہ بھی کھا گئے

 

بہاولپور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 دسمبر 2023ء )   چڑیا گھر میں ٹائیگروں نے شہری پر حملہ کر دیا۔یہ افسوسناک واقعہ بہاولپور میں پیش آیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شہری کو ٹیگروں نے چھیر پھاڑ دیا۔چڑیا گھر میں ٹائیگروں کے حملے سے شہری جاں بحق ہو گیا۔بتایا گیا ہے کہ ٹائیگرز لاش کو پنجرے کے اندر لے گئے۔ٹائیگر شہری کی لاش کا کچھ حصہ کھا گئے۔

پولیس اور ریسکیو ادارے میں موقع پر موجود ہیں۔تاحال جاں بحق شہری کی شناخت نہیں ہو سکی۔ 2020 میں بھی ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جب سفاری پارک میں شیروں کے حملے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا۔بتایا گیا کہ لاہور کے سفاری پارک میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پر نوجوان شیروں کے حملے کے نتیجے میں دم توڑ گیا۔نوجوان کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی جو قریبی گاؤں کا رہائشی تھا۔

17سالہ بلال بھینسوں کے لیے چارہ کاٹنے کی غرض سے جنگلا پھلانگ کر سفاری پارک میں داخل ہوا تھا جس کے بعد وہاں موجود شیروں نے نوجوان پر حملہ کر دیا۔ پولیس نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیروں نے حملہ کر کے نوجوان کو ہلاک کیا۔ سفاری پارک کی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ نوجوان دو روز قبل لاپتہ ہوا تھا جس کی تلاش کی جا رہی تھی تاہم آج جب شیروں کو کھانا دیا جا رہا تھا تو وہاں سے نوجوان کی باقیات ملیں۔


Tuesday, December 5, 2023

چنگ چی رکشوں کے خلاف آپریشن،2 درجن سے زائد فیکٹریاں سیل کر دی گئیں

 

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے چنگ چی رکشوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 2 درجن سے زائد فیکٹریاں سیل کر دیں۔


نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق لاہور میں غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشے بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے جس کے دوران مختلف علاقوں میں قائم 29 غیر قانونی چنگ چی فیکٹریاں سیل کر دی گئیں۔

صوبائی حکومت نے غیر رجسٹرڈ چنگ چی رکشے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد رجسٹرڈ نہ ہونے والے چنگ چی رکشوں کو بڑے شہروں سے باہر نکالنے کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ پنجاب میں چنگ چی رکشوں کی 900 غیر قانونی ورکشاپس موجود ہیں۔


Monday, December 4, 2023

سعودی عرب نے نئے ویزہ قوانین متعارف کرا دیئے

 

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے غیرملکی ورکرز کے لیے نئے ویزہ قوانین متعارف کرا دیئے۔

نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق سعودی وزارت برائے انسانی وسائل کی طرف سے ’مساند‘ نامی ایک پلیٹ فارم تیار کیا گیا ہے۔ یہ ایک ایسا جامع نظام ہے، جس کے ذریعے ورکرز اپنے حقوق و فرائض اور دیگر سروسز کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔


اس نظام کے ذریعے ویزہ کی درخواست سے لے کر بھرتی کی درخواست تک اور ورکرز اور ملازمت دہندگان کے مابین تعلق تک کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔نئے قوانین کے تحت ویزہ کے قواعد و ضوابط مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔ اب ورک ویزہ کے لیے عمر کی حد 24سال کر دی گئی ہے۔


نئے قوانین کے تحت سعودی شہری، خلیجی ممالک کے شہری، سعودی شہریوں کی غیرملکی بیویاں اور ان کی مائیں اور سعودی پریمیم ریزیڈنسی پرمٹ کے حامل لوگ غیرملکیوں کو بطور گھریلو ملازم ملازمت پر رکھ سکتے ہیں


Friday, December 1, 2023

پاکستان میں پہلی بار مرنےکے بعد جسمانی اعضا کے عطیہ اور قانونی ٹرانسپلانٹ کی تاریخ رقم

 

اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد پاکستان میں پہلی بار مرنےکے بعد تمام جسمانی اعضا

 عطیہ کرنے اور  قانونی ٹرانسپلانٹ کی تاریخ  رقم  ہوگئی۔

ایبٹ آبادکی57 سالہ خاتون  رفعت صفتاج اپنی جان جان آفریں کے سپرد کرتےکرتے تین زندگیوں کے چراغ روشن کرگئیں، ان کے جگر  اور دونوں گردوں سے 3 جانیں بچیں جب کہ جسمانی اعضا عطیہ کرنےکے نظام کی عدم موجودگی کی وجہ سے جسم کے دیگر حصے عطیہ نہ ہوسکے۔ 

پاکستان کی تاریخ میں  یہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے اپنے جسم کے تین اعضا عطیہ کرکے تین افراد کی جانیں بچائیں۔

رفعت صفتاج کی موت واقع ہوتے ہی ان کے اعضا کا راولپنڈی میں ٹرانسپلانٹ کیا گیا، نئی زندگی پانے والے تینوں مریضوں نے بھی مرنےکے بعد جسمانی اعضا عطیہ کرنےکا اعلان کیا ہے۔

خیال رہےکہ  آئین میں اٹھارویں ترمیم کے بعد اب اعضا کا عطیہ ایک قانونی عمل ہے جس کے لیے ہیومن آرگن ڈونیشن اتھارٹی بھی قائم کردی گئی ہے جہاں مرنے کے بعد اپنے اعضا کے عطیہ کے لیے رجسٹریشن کرائی جاسکتی ہے۔

اہم ہیومن آرگن ڈونیشن اتھارٹی کو ایک ایسا سینٹرلائزڈ نظام بنانا ہو گا کہ جس میں فوری ٹرانسپلانٹ کی ضرورت میں مریضوں کی تفصیلات اور  دستیابی ممکن ہو۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ مریضہ کی خواہش کے مطابق ان کے اعضا 3 انسانی جانوں کو  بچانے میں کارآمد ثابت ہوئے، ڈاکٹر فیصل ڈار کی سربراہی میں ٹرانسپلانٹیشن کا عمل کامیاب ہوسکا۔

 ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کا یہ سفر جاری رہےگا، ٹرانسپلانٹ ہونے کے بعد تینوں مریض الحمدللہ صحت یاب ہیں، میں بھی اپنے اعضا بعد از مرگ عطیہ کرنےکا اعلان کرتا ہوں۔


دماغ کو ہر عمر میں تیز رکھنے کے لیے بہترین اور آسان طریقے

 

کیا آپ عمر بڑھنے کے باوجود دماغ کو زیادہ تیز اور بہتر بنانا چاہتے ہیں؟ تو یہ کوئی

 مشکل کام نہیں۔

چند عام طریقوں کو اپنا کر دماغ کو متحرک کرنا ممکن ہوتا ہے جس سے دماغی افعال میں ڈرامائی بہتری آتی ہے۔

ایسے ہی چند عام طریقے جانیں جو عمر بڑھنے کے باوجود دماغ کو جوان رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

دماغ کو تیز بنانے والی گیمز کھیلنا

اگر آپ روزانہ کراس ورڈ یا دیگر معموں کو حل کرنے کے شوقین ہیں تو یہ عادت آپ کے دماغ کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوتی ہے۔

دماغی گیمز سے آپ کے دماغی افعال بہتر ہوتے ہیں اور نئے خلیات بنتے ہیں، جو اسے تیز رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

ورزش کریں

جسمانی ورزش سے دماغ کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔

روزانہ 30 منٹ سے ایک گھنٹے تک ورزش جیسے یوگا، چہل قدمی اور سائیکلنگ وغیرہ سے دماغ کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔

اچھی غذا

خوراک میں صحت کے لیے مفید غذا کا استعمال دماغ کو صحت مند بناتا ہے۔

زیادہ چکنائی اور چینی والی غذاؤں کے استعمال سے دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اسی طرح تمباکو نوشی اور الکحل کا استعمال بھی دماغ کو نقصان پہنچاتا ہے۔

لوگوں سے میل جول

دن بھر میں اپنے دوستوں سے کسی بھی موضوع پر بات کرنے کے لیے کچھ منٹ نکالیں۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق دوستوں اور رشتے داروں سے ملنے جلنے سے دماغی تنزلی کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

روز کچھ نیا سیکھیں

کھانے پکانے کی کوئی نئی ترکیب پڑھ کر اسے سیکھنے کی کوشش کرنا یا کسی نئے لفظ کا مطلب سمجھنا یا اپنے دفتر جانے کے لیے نیا راستہ اختیار کرنا، ان سب سے دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

روزمرہ کے معمولات سے ہٹ کر کچھ نیا کرنا دماغ کو متحرک کرتا ہے اور دماغی افعال بہتر ہوتے ہیں۔

ئی زبان سیکھنا

تحقیقی رپورٹس میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ایک سے زائد زبانیں بولنے سے عمر بڑھنے کے باوجود دماغی تنزلی کا خطرہ کم ہوتا ہے اور دماغی افعال بہتر ہوتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ دماغ کو مشکل حالات سے نمٹنے میں مدد بھی ملتی ہے۔

مطالعہ کریں

ایک تحقیق کے مطابق جو افراد مطالعہ کرنے کے عادی ہوتے ہیں ان میں بڑھاپے میں دماغی تنزلی کا خطرہ ان افراد کے مقابلے میں 32 فیصد تک کم ہوتا ہے جو کتابوں یا ایسی سرگرمیوں سے دور بھاگتے ہیں۔

پانی پینا مت بھولیں

ہمارا دماغ پانی کی کمی سے بہت زیادہ متاثر ہوتا ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق جسم میں پانی کی معمولی کمی سے بھی متعدد دماغی افعال متاثر ہوتے ہیں۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پانی کی کمی سے چڑچڑے پن کا سامنا ہوتا ہے جبکہ توجہ مرکوز کرنا مشکل ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں مناسب مقدار میں پانی پینے سے دماغی افعال کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

موسیقی سننا

موسیقی سننے سے دماغ کی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

موسیقی سے دماغی افعال میں بہتری آتی ہے اور ڈیمنیشیا جیسے دماغی مرض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔