Wednesday, November 29, 2023

اسموگ پر قابو پانے کیلئے پنجاب میں سافٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز


صوبائی محکموں نے جمعہ کو اسکول، کالج، یونیورسٹیاں اور ہفتے کے روز مارکیٹیں، جم، سنیما، تھیٹر اور فیکٹریاں مکمل بند کرنے کی تجاویز تیار کرلیں۔


لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 نومبر 2023ء ) اسموگ پر قابو پانے کیلئے پنجاب میں سافٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی محکموں نے جمعہ کو اسکول، کالج، یونیورسٹیاں اور ہفتے کے روز مارکیٹیں، جم، سنیما، تھیٹر اور فیکٹریاں مکمل بند کرنے کی اجاویز تیار کرلیں۔ اس ضمن میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس کل طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ لاہورمیں اسموگ میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ غیر معمولی ٹریفک ہے، خلاف قانون کام کرنے والی فیکٹریوں کو سیل کرکے اور بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔ شہر میں پبلک اور پرائیویٹ گاڑیوں کی آمد ورفت بھی محدود کی جائےگی جبکہ سرکاری دفاتر میں نصف عملہ کام کرے گا ۔

علاوہ ازیں اسموگ کی روک تھام کیلئے ہفتے کے روز ریسٹورینٹس بھی بند کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے اس روز صرف ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ آج سے چند روز قبل پنجاب حکومت نے سموگ پر قابو پانے کیلئے دوست ملک چین سے مشاورت کا فیصلہ کیا تھا۔ نگران پنجاب حکومت اب سموگ پر قابو پانے کیلئے چین سے مشاورت کرے گی، چین میں ہفتے میں 2 روز کیلئے نصف گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے کی
 اجازت ہوتی ہے، دوسرا یہ کہ چین میں کول پاور پلانٹس بند کرنے سے سموگ پر 40 فیصد تک قابو پا لیا گیا۔ چین میں مصنوعی بارش برسانے کے ساتھ ساتھ سپیشل گیلے ماسک استعمال کئے جاتے ہیں، پنجاب کے نگران وزراء نے مشاورت کے لئے چینی ماہرین کے ساتھ رابطہ کر لیا۔

Tuesday, November 28, 2023

آنکھیں سرخ ہونے کی وجہ کیا ہے-

 آنکھوں کا لال ہونا اکثر افراد نظر انداز کر دیتے ہیں لیکن اگر آنکھیں سرخ ہو جائیں اور اس میں جلن ہونے کے ساتھ زرد رنگ کا پانی بھی نکلنے لگے تو یہ بینائی سے جڑے کسی بیماری کا سبب بھی ہو سکتا ہے


آنکھیں ہمارے جسم کا انتہائی اہم لیکن حساس اور نازک حصہ ہے اکثر اوقات آنکھیں سرخی مائل ہو جاتی ہیں جس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔دراصل وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انسان کے معمولات زندگی بدل گئے ہیں۔دیر تک جاگنا۔پہلے صرف ٹی وی تھا اب ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں ہر انسان کے ہاتھ میں موبائل نے اسکرین ٹائم بڑھا دیا ہے اور کام یا تفریحاً کمپیوٹر یا موبائل فون پر ہر وقت نظریں جمے رہنے سے آنکھوں سے متعلق امراض سامنے آ رہے ہیں۔

آنکھوں سے متعلق سب سے بڑا مسئلہ جو تقریباً ہر شخص کو درپیش رہتا ہے وہ آنکھوں کا سرخ ہو جانا ہے جو عموماً آنکھ میں گرد یا دھواں جانے کے باعث بھی ہوتا ہے لیکن یہ کسی بینائی سے جڑی کسی بیماری کا پیش خیمہ بھی ہو سکتا ہے۔

ماہرین امراض چشم کہتے ہیں کہ آنکھوں کا سرخ ہونا یا انفیکشن ہونا اب عام ہو گیا ہے اور ہر دسواں شخص اس سے متاثر ہے جس کی بڑی وجہ تو ہمارا طرز زندگی اور بے احتیاطیں ہی ہیں لیکن کبھی یہ کسی انفیکشن کے سبب بھی ہو سکتا ہے۔

آنکھوں کا لال ہونا اکثر افراد نظر انداز کر دیتے ہیں لیکن اگر آنکھیں سرخ ہو جائیں اور اس میں جلن ہونے کے ساتھ زرد رنگ کا پانی بھی نکلنے لگے تو یہ بینائی سے جڑے کسی بیماری کا سبب بھی ہو سکتا ہے اور اس کو نظر انداز کرنے کے بجائے فوری طور پر کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کووڈ یعنی کورونا جو عام طور پر دل اور پھیپھڑوں کے انفیکشن سے منسلک ہے لیکن اس کی وجہ سے آنکھوں میں بھی انفیکشن ہو سکتا ہے کووڈ 19 آنکھوں سے داخل ہو کر آنکھ کے پیچھے دماغ تک جا سکتا ہے آنکھوں کا لال ہونا کووڈ کا سائیڈ افیکٹ بھی ہو سکتا ہے۔

آنکھیں کئی بار الرجی کے باعث بھی سرخ ہو جاتی ہیں۔ماہر ڈاکٹر اس کا علاج اچھے آئی ڈراپ کے ذریعے تجویز کرتے ہیں۔اس کے علاوہ بلیفرائٹس آنکھوں کی ایک بیماری ہے یہ بیماری بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتی ہے۔کئی بار غلط یا ایکسپائر بیوٹی پروڈکٹ کے استعمال سے بھی بلیفرائٹس ہوتا ہے بلیفرائٹس کی وجہ سے آنکھیں لال ہو جاتی ہیں۔


Monday, November 27, 2023

ذہنی تناؤ کو دور کرنے والی پانچ زبردست چائے

 


تناؤ، اضطراب اور  افسردگی آپ کی ذہنی صحت کو شدید متاثر کرتی ہے اور دنیا بھر میں لاکھوں افراد اس کا شکار  ہیں۔

تیز گزرتے وقت کے ساتھ زندگی بہت سے کاموں میں الجھی ہوئی ہے اور  ایسے میں لوگ ذہنی امراض کا بھی شکار ہو  رہے ہیں۔

تو سب سے پہلے جو سوال لوگوں کے ذہنوں میں آتا ہے وہ یہی ہوتا ہے کہ تناؤ سے چھٹکارا کیسے پایا جائے وہ بھی جلدی اور آسان طریقے سے؟

آج ہم آپ کی اس مشکل کو آسان کرتے ہیں اور  آپ کو  ایسی چائے بتاتے ہیں جس سے آپ کا موڈ بھی خوشگوار ہو جائے گا اور ذہنی تناؤ میں بھی کمی آئے گی۔

کیمومائل چائے:

کیمومائل سے شاید بہت سے لوگ واقف نہ ہو، کیمومائل ایک سفید رنگ کا سورج مکھی کی طرح دکھنے والا چھوٹا پھول ہوتا ہے۔

کیمومائل کا استعمال صدیوں سے چلا آرہا ہے جسے پرسکون کرنے اور نیند بہتر بنانے کے لیے کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ اور ایپی گینین دماغ کو سکون مہیا کرتے ہیں اور اس کی چائے کے استعمال سے آپ ذہنی تناؤ سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔

لیوینڈر چائے:

لیوینڈر کی خصوصیات سے سب ہی واقف ہیں، لیوینڈر ایک جامنی رنگ کا پھول ہوتا ہے جو ناصرف جلد کیلئے بہترین ہے بلکہ ذہنی مسائل کو بھی دور بھگانے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

لیوینڈر میں کیفین موجود نہیں ہوتا اس لیے بھی اس کا استعمال صحت کیلئے اچھا ہے۔

پودینے کی چائے: 

پودینا تقریباً ہر گھر کے کچن میں استعمال ہوتا ہے اور آسانی سے دستیاب بھی ہو جاتا ہے، پودینے کا گہرا ہرا رنگ آنکھوں کو تو سکون دیتا ہی ہے لیکن اس کی تیز خوشبو بھی کافی پسند کی جاتی ہے۔

پودینے میں مینتھول پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے یہ آپ کے دماغ کو سکون ملتا ہے اور اضطراب اور ذہنی تناؤ کو بھی دور کرتا ہے۔

اس کے علاوہ پودینا نظام ہاضمہ کو بھی درست کرتا ہے اور پودینا کھانوں کی شان بھی بڑھاتا ہے۔

سبز چائے:

سبز چائے میں ایل تھینین اور امینو ایسڈ جیسے کیمیکل پائے جاتے ہیں جو تناؤ کو دماغ سے دور کرتے ہیں۔

سبز چائے اینٹی آکسیڈینٹ کا خزانہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ سبز چائے استعمال کرنے والے اپنے کام کو زیادہ توجہ سے کرتے ہیں۔

روئبوس چائے: 

روئبوس ایک جڑی بوٹی ہے اور یہ کیفین فری خصوصیت رکھتی ہے جبکہ یہ جڑی بوٹی ذائقے میں میٹھی اور ہلکی گری دار میوے جیسی ہوتی ہے۔

روئبوس میں اینٹی آکسیڈینٹ ہونے کے ساتھ ساتھ میگنیشیم  اور منرل کی بھرمار ہوتی ہے  جو آپ کو ذہنی تناؤ سے بچاتی ہے اور اس کے استعمال سے آپ کا موڈ بھی خوشگوار ہوجائے گا۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

Sunday, November 26, 2023

مردوں کیلئے بانجھ پن کے مسئلے سے بچنے کا آسان ترین طریقہ

 

اگرچہ زیادہ تر افراد بانجھ پن کو خواتین سے منسلک کرتے ہیں مگر متعدد کیسز میں یہ مسئلہ مردوں میں ہوتا ہے۔

اپریل 2023 میں عالمی ادارہ صحت کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دنیا بھر میں 17.5 فیصد بالغ آبادی کو اپنی زندگی میں کسی وقت بانجھ پن کا سامنا ہوتا ہے۔

ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ہر 3 میں سے ایک کیس میں مردوں میں یہ مسئلہ دریافت ہوتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ گریاں کھانے کی عادت مردوں کو بانجھ پن سے بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

موناش یونیورسٹی کی تحقیق میں گریوں کے استعمال اور مردوں و خواتین کی تولیدی صحت پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

تحقیق کے دوران اس حوالے سے ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام کا تجزیہ کیا گیا۔

4 تحقیقی رپورٹس کے نتائج سے ثابت ہوا کہ روزانہ گریوں کو کھانے کی عادت سے مردوں میں بانجھ پن کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

2 تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ روزانہ 60 گرام گریوں کے استعمال سے اسپرم کا معیار بہتر ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ گریوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ دیگر عادات کو اپنانے سے بھی بانجھ پن کے مسئلے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقی کام سے عندیہ ملتا ہے کہ گریوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ ورزش کرنے کی عادت سے بھی تولیدی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقی رپورٹس میں شامل افراد مغربی طرز کی غذائیں کھانے کے عادی تھے جو اکثر صحت کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں، مگر خوراک میں گریوں کے اضافے سے بانجھ پن کا خطرہ کم کرنے میں مدد ملتی ہے

کا کہنا تھا کہ اولاد کے خواہشمند افراد کے لیےان  تحقیق کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، اب خواتین میں گریاں کھانے کے اثرات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

محققین کے مطابق گریوں میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز، غذائی فائبر، وٹامنز، منرلز اور پولی فینولز جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ایسی گریوں کو کھانے سے گریز کیا جائے جن میں نمک یا چینی کو شامل کیا جاتا ہے۔

محققین کے مطابق اخروٹ، بادام، پستے اور مونگ پھلیاں جیسی گریوں کی تھوڑی سی مقدار بھی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل ایڈوانسز ان نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔


ملک میں یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع

 

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ، روسی تیل کی فی بیرل قیمت 60 ڈالر سے بھی نیچے آ گئی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2023ء) ملک میں یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ، روسی تیل کی فی بیرل قیمت 60 ڈالر سے بھی نیچے آ گئی۔ یورپی یونین کی جانب سے روسی تیل کی 60 ڈالر فی بیرل کی حد مقرر کی گئی ہے مگر مارکیٹ میں روسی تیل کی قیمت مقررہ حد سے بھی نیچے چلی گئی ہے۔

یاد رہے 16 نومبر کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کی تھی ۔ حکومت نے پیٹرول کی قیمت 2 روپے 4 پیسے فی لیٹر کم کی جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 281 روپے 34 پیسے ہوگئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت فی لیٹر 296 روپے 71 پیسے ہوگئی ہے۔

مٹی کے تیل فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 5 پیسے کمی کردی گئی اور فی لیٹر قیمت کم ہو کر 204 روپے 98 پیسے پر آگئی ہے۔


اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9 روپے کمی کردی گئی اور فی لیٹر نئی قیمت 180 روپے 45 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں برطانوی برینٹ کے سودے ایک فیصد کمی کے ساتھ 80.58 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے دو فیصد کمی کے ساتھ 75.54 ڈالر فی بیرل پر ہوئے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ملک میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے

حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ کا اعلان، خواتین محرم کے بغیر حج ادا کرسکیں گی

 


پاکستان میں حج درخواستوں کی وصولی کل سے 15 بینکوں میں شروع  ہوگی۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی27 نومبر تا 12 دسمبر جاری رہےگی، آئندہ برس تقریباً 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے، خواتین پہلی بار محرم کے بغیر حج ادا کرسکیں گی۔

اعلامیے کے مطابق مقررہ  تعداد سے زائد درخواستیں موصول ہونےکی صورت میں قرعہ اندازی کی جائےگی، اسپانسرڈ شپ اسکیم کے تحت 25  ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے،  اسپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواستیں ڈالرز کے ہمراہ  بیرون ملک سے جمع کرانا ہوں گی، اسپانسر شپ اسکیم کے تحت درخواست دہندہ  یا ان کے عزیز و رشتہ دار قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ  حج درخواستوں کے لیے 15 بینکوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، حج  درخواستیں دسمبر  2024 تک کارآمد شناختی کارڈ  پر جمع کرائی جاسکتی ہیں


Friday, November 24, 2023

ماہرین نے موٹاپا کم کرنے کا آسان ترین اور حیران کن نسخہ بتا دیا

 

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹاپا کم کرنے کی بات ہو تو ڈائٹنگ اور ورزش وغیرہ کو اہم عوامل خیال کیا جاتا ہے تاہم یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے ماہرین نے اس حوالے سے ایک اور ایسی چیز کی اہمیت اجاگر کی ہے کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ نیوز ویک کے مطابق ماہرین نے کہا ہے کہ موٹاپا کم کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کے ڈاکٹر کی آواز کی ٹون اور الفاظ کا چناﺅ بھی اس شخص کے لیے موٹاپا کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

شارلٹ البری نامی ماہر کی قیادت میں ماہرین کی ٹیم نے اپنی اس تحقیق میں موٹاپے کے مریض کے ساتھ اس کے فزیشن کی گفتگو اثرات جاننے کی کوشش کی۔ طبی جریدے جرنل اینلز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والے اس تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین نے ڈاکٹر ز اور مریضوں کے مابین ہونے والے 246مکالموں کی ریکارڈنگز حاصل کرکے ان کا تجزیہ کیا اور ان کا متعلقہ مریضوں کے موٹاپا کم ہونے کی شرح کے ساتھ موازنہ کیا گیا۔

اس تحقیق میں ماہرین نے ڈاکٹرز کی گفتگو کو تین کیٹیگریز ’اچھی خبر، بری خبر اور نیوٹرل‘ میں تقسیم کیا۔ جن ڈاکٹروں نے اپنے مریضوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مثبت رویہ رکھا اور انہیں موٹاپے اور اس سے نجات کے حوالے سے اچھی خبریں سنائیں، ان کے مریض بہت خوش پائے گئے اور ان میں موٹاپا کم ہونے کی شرح بھی زیادہ تھی۔ دوسری طرف جن ڈاکٹروں نے موٹاپے کے متعلق انتہائی منفی گفتگو کی اور اس سے فوری نجات کی اشد ضرورت پر زور دیا، بصورت دیگر بری خبریں اپنے مریض کو سنائیں، ایسے مریضوں میں پریشانی اور ہچکچاہٹ کے جذبات پائے گئے اور ان میں موٹاپا کم ہونے کی شرح بھی کم رہی۔

تیسرے نمبر پر جن ڈاکٹروں نے نیوٹرل گفتگو کی ، انہوں نے موٹاپے کے زیادہ نقصانات گنوائے ، نہ ہی مریضوں کو خوش کن باتیں سنائیں، ان کے مریضوں میں موٹاپا کم ہونے کی شرح بھی بری خبر سنائے جانے والے مریضوں کے لگ بھگ برابر رہی۔ماہرین کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو ڈاکٹرز نے اچھی باتیں سنائیں اور زیادہ پریشان کن فقروں سے گریز کیا، ان مریضوں نے زیادہ سیشن جوائن کیے اور موٹاپا کم کرنے میں سنجیدہ نظر آئے۔ ان کے برعکس دوسری دونوں کیٹیگریز کے لوگوں نے ان کی نسبت لگ بھگ 50فیصد کم سیشن جوائن کیے، جس کا اثر ان کے موٹاپا کم ہونے کی شرح پر بھی پڑا


پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 15 روز کی بجائے7 دن بعد کرنے کا پلان تیار

 

پلان سے متعلق اسٹیک ہولڈز سے 5 روز میں تجاویز طلب کرلی گئی ہیں، پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پلان کو مسترد کردیا ہے


اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 نومبر2023ء) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بیشی کا تعین 15 روز کی بجائے 7 روز بعد کرنے کا پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بیشی کا تعین 15 روز کی بجائے 7 روز بعد کرنے کیلئے اسٹیک ہولڈز سے 5 روز میں تجاویز طلب کرلی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ  آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے سات دنوں بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بیشی کا تعین کرنے کو مسترد کردیا ہے۔

چئیرمین ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت کو 15 دنوں کی بجائے 30 دن بعد قیمتوں کے تعین کی تجویز دی تھی لیکن حکومت اب سات دنوں بعد تعین کرنے کا پلان بنا رہی ہے، ایسوسی ایشن اس کو مسترد کرتی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہر ہفتے بعد نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ اس طرح قیمتوں کے تعین سے پیٹرول پمپس ڈائی ہوجائیں گے۔
یاد رہے 15روزہ پلان کے تحت حکومت نے 15 نومبر کو پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تھی۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ 16نومبر سے 30 نومبر تک پٹرول کی قیمت میں 2.04 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6.47روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے، پٹرول 2.04روپے کمی کے بعد 281.34روپے لیٹر ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 6.47روپے کمی کے ساتھ296.71روپے فی لیٹر کردی گئی۔
کیروسین آئل کی قیمت 6.07روپے کمی کے بعد 204.98 روپے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت 9.01روپے کمی کے بعد 180.45 روپے کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کردیئے ، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد کی معمولی کمی ،سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 41.13 فیصد ریکارڈ کیا گیا


Thursday, November 23, 2023

پنجاب حکومت کا 10 ہزار طلبہ کو الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے 10 ہزار طلبہ کو الیکٹرک بائیکس سبسڈی پر دینے کا فیصلہ کر لیا۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ 10 ہزار طلبا کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیکس دیں گے، مصنوعی بارش سے متعلق بھی تیاری کر لی۔ صوبائی حکومت نے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو سکول اور کالجز بند کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔

حکومت پنجاب نے سموگ سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے مذکورہ اہم فیصلے کئے ہیں۔ 


محکمہ وائڈ لائف کا طوطوں کے شناختی کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ

 

طوطوں کی رجسٹریشن نہ کروانے والے مالکان کو 25 ہزار تک جرمانے کیے جائیں گے، طوطے بھی ضبط کر لیے جائیں گے۔


اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 نومبر2023ء) محکمہ وائڈ لائف نے طوطوں کے شناختی کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ طوطوں کی رجسٹریشن نہ کروانے والے مالکان کو 25 ہزار تک جرمانے اور طوطے ضبط کر لیے جائیں گے۔اے ار وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پرندوں اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے محکمہ وائڈ لائف میں منفرد اقدام کرتے ہوئے طوطوں کے شناختی کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس فیصلے کے تحت پالتو طوطوں اور ان کے مالکان کو خصوصی شناختی کارڈ نمبرز جاری کیے جائیں گے اور طوطے پالنے کی شوقین افراد اور رجسٹر بریڈرز پر جنگلی طوطوں کو پکڑنے اور طوطوں کے چوزے فروخت کرنے پر پابندی ہوگی۔رواں سال کے آخر تک رجسٹریشن فری ہوگی تاہم یکم جنوری سے 29 فروری تک رجسٹریشن فیس پانچ ہزار روپے ہوگی۔

ترجمان کے مطابق بالغ پرندوں کے لیے رجسٹریشن 28 فروری کو بند ہو جائے گی۔

طوطوں کی رجسٹریشن نہ کرانے والے مالکان کو 25 ہزار تک جرمانے کی سزا دی جائے گی اور طوطے ضبط کر لیے جائیں گے۔تکلیف محکمہ وائلڈ لائف نے جنگلوں میں طوطوں کی تعداد کم ہونے کے باعث رجسٹریشن کا فیصلہ کیا۔جب کہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) نے طوطوں کی تمام اقسام کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں طوطوں کے تحفظ اور ذمہ دارانہ انتظام کو یقینی بنانا ہے۔

منگل کو اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق طوطے کی تمام انواع جو پاکستان میں مقامی ہیں یا نقل مکانی کرنے والی ہیں رجسٹرڈ ہونی چاہئیں اور اس مقصد کے لئے آئی ڈبلیو ایم بی کی طرف سے کھلی انگوٹھیاں فراہم کی جائیں گی، ان انگوٹھیوں میں ایک بریڈر/مالک کا رجسٹریشن نمبر، طوطے کا شناختی نمبر اور پیدائش کا سال ہوگا۔